بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کوفوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے: حریت کانفرنس
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نے علاقے کو عملی طور پر ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کردیاہے جہاں لوگوں کے تمام بنیادی سیاسی اور قانونی حقوق سلب کر لیے گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی کشمیر دشمن پالیسیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور جھوٹے الزامات پر نوجوانوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان نے ہماچل پردیش کے علاقے بلاس پور میں کشمیری شال فروشوںکو ہراساں کیے جانے اور دھمکیاں دینے کی بھی مذمت کی ۔ایڈوکیٹ منہاس نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہندوتوا کی حامی بھارتی اسٹیبلشمنٹ نے اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے جو کشمیریوں کو تکلیف پہنچانے اور سزا دینے میں خوشی محسوس کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسزبے گناہ کشمیریوںخاص طور پر نوجوانوں کے خلاف کالے قوانین کے تحت مقدمے درج کررہی ہیں۔ترجمان نے عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے اقدامات کریں اور کشمیریوں کے خلاف جنگی جرائم پربھارت کوجوابدہ ٹھہرائیں۔