مقبوضہ جموں وکشمیر:بھارتی پولیس نے ایک اور کشمیری کی جائیداد ضبط کرلی
سری نگر:
بھارت کی طرف سے کشمیریوں کو ان کی جائیدادوں سے محرو م کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔بھارتی پولیس نے ضلع کولگام میں آج ایک شہری کا مکان ضبط کر لیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے ضلع کے علاقے ماڈر گام میں صفدر علی ڈار نامی شخص کا مکان غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت ضبط کیا۔پولیس نے مکان کی ضبطی کاجواز فراہم کرنے کیلئے کہا ہے کہ اسے عسکریت پسند بطور رہائش گاہ استعمال کرتے رہے ہیں۔نئی دلی کے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے احکامات پر پولیس نے آج مکان کی ضبطی کی کارروائی عمل میںلائی۔وہاں ایک بورڈ نصب کیا گیا جس پر لکھا ہے”مکان کو یواے پی اے “کے تحت ضبط کیا گیا ہے، کسی کو بھی یہ گھر خریدنے کی اجازت نہیں ہے اور نہ اسکا مالک اسے فروخت کرسکتا ہے۔
یادرہے کہ مودی حکومت نے اگست2019میں مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد کشمیریوں کے گھروں ، زمینوں اور دیگر املاک پر قبضے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جسکا مقصد انہیں خوف و دہشت کا شکار کر کے تحریک آزادی سے دور رہنے پر مجبور کرنا اور ضبط شدہ جائیدادیں غیر کشمیری بھارتی ہندوﺅںکو دیگر کر علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔