الطاف وانی کا اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے نام خط
مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کانوٹس لینے کی اپیل
اسلام آباد: کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مورس ٹڈ بال بنز Morris Tidball Binz’sسے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں تشدد اورحراستی ہلاکتوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کافوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق الطاف حسین وانی نے لکھا ” مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے حراستی تشدد کا مسلسل اور منظم استعمال بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ، دوران حراست تشدد ایک جبر کا ایک ایسا ہتھکنڈہ ہے جو جبری اعترافات ، لوگوں کو ڈرانے دھمکانے اور اختلاف رائے کو دبانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، یہ عمل انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے اور بین الاقوامی معاہدے کیساتھ ساتھ آر سی پی اور پولیٹیکل آرگنائزیشن کے قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔“ انہوں نے ایک کشمیری نوجوان مکھن دین کے حالیہ قتل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع سے تعلق رکھنے والے اس 25 سالہ شخص کو بھارتی پولیس نے دوران حراست وحشیانہ تشدد کر کے شہید کر دیا۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز کو کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت بے لگا م اختیارات حاصل ہیں اور بے گناہ شہریوں کے قتل پر ان سے کوئی پوچھ گچھ نہیں کی جاتی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرائیں۔