انسانی حقوق

”سماجی انصاف “ کا عالمی دن: کشمیری بڑے پیمانے پر ناانصافیوں کا شکار

حریت کانفرنس کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل

سری نگر:  کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے فوری طور پر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے ” سماجی انصاف“ کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام ایک یادداشت میں ان پر زور دیا کہ وہ بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ناانصافیوں اور مظالم کو روکنے کے لیے اپنا کردار اداکریں۔
یادداشت میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموںو کشمیر کے محکوم عوام سے تمام بنیادی حقوق چھین لیے گئے ہیں ۔ مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، بلا جواز گرفتاریاں، ماورائے عدالت قتل، جسمانی و ذہنی تشدد، ، املاک پر قبضہ وغیرہ روز کا معمول ہے، ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں سماجی انصاف کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرنے پر گزشتہ 78 سالوں سے مسلسل ناانصافی کا شکار ہیں۔یادداشت میں بی جے پی کی بھارتی حکومت کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا کی طرف سے کشمیری ملازمین کی مسلسل معطلی، جائیدادوں کی ضبطی اور اسلامی لٹریچر کے خلاف کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔یاد داشت میں مزید کہا کہ آج جب سماجی انصاف کا دن منایا جا رہا ہے ، کشمیری حریت قیادت سمیت ہزاروں کشمیریوں جھوٹے مقدمات میں جیلوں مین بند ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button