”او آئی سی“ کی کشمیر ، فلسطین پر جامع رپورٹ کا خیر مقدم
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرنے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میںجاری ایک بیان میں اسلامی تعاون تنظیم کے جامع اعلامیے کو سراہا جس میں فلسطین اور جموں و کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم لوگوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا جو انتہائی لائق تحسین ہے۔محمود احمد ساغر نے کہا کہ اس جامع اعلامیے سے گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔
یاد رہے کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں 15ویں سربراہی اجلاس کے دوران ایک رپورٹ پیش کی ہے جس میں کشمیری عوام کی امنگوں کی مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ حسین براہیم طحہ نے اپنی رپورٹ میں کشمیر کاز کے لیے او آئی سی کے مختلف اقدامات کا ذکر کیا۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماالطاف حسین وانی نے بھی کشمیر وفلسطین کے بارے میں واضح موقف اپنانے پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوںنے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ او آئی سی کشمیریوں کی جدوجہد کی ہر ممکن حمایت کر رہا ہے جو انتہائی لائق تحسین ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے سلگتے ہوئے مسائل کیوجہ سے دنیاکاامن داﺅ پر لگا ہوا ہے اور یہ مسائل اب تک حل نہ ہونے کی وجہ سے ان علاقے میں قتل و غارت کا ایک نہ ختم ہونے والاسلسلہ جاری ہے۔
انہوںنے پاکستان کے وزیر خارجہ محمد استحاق ڈار کے کشمیر کے بارے میں حالیہ بیان کو بھی سراہا جس میں انہوںنے مقبوضہ جموں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرنے، کشمیری نظربندوں کی رہائی کے مطالبے کے علاوہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے۔
محمد سلیم وانی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے مستقل حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔