میرواعظ عمرفاروق کا شہدائے بدر کو شاندار خراج عقیدت
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیرواعظ عمر فاروق نے شہدائے بدر کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ اس معرکہ حق و باطل نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت کو آسان بنادیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے یوم بدر اور یوم فرقان کی مناسبت سے تاریخی عالی مسجد عیدگاہ سرینگر میں منعقدہ ایک پروقارتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس معرکے نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت کی نہ صرف راہ ہموار کی بلکہ سرور کائنات محمد الرسول اللہ ۖ کی پر عزیمت قیادت میں تبلیغ دین اسلام کو آسان بنادیا۔ میرواعظ نے مفسر قرآ ن، مہاجر ملت میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کو ان کے58ویں یوم وصال پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کے اس ممتاز دینی و سیاسی رہنما نے نا مساعد حالات میں مہاجرت اور جلاوطنی کی زندگی اختیار کی لیکن اپنے بنیادی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم رہنما کی بے مثال ،دینی، ملی ، سماجی اور تبلیغی خدمات کے ساتھ ساتھ سب سے اہم اور تاقیام قیامت قائم رہنے والا زندہ کارنامہ کلام الہی کا اپنی مادری کشمیری زبان میں عام فہم ترجمہ اور تفسیر ہے جسے اللہ تعالی نے زبردست قبولیت عطا فرمائی۔میرواعظ نے اعلان کیا کہ میرواعظ فائونڈیشن مرحوم میرواعظ کشمیر کی شہرئہ آفاق تفسیر بیان الفرقان کا جدید نسل کی ضرورت اور حالات کے تناظر میں متذکرہ تفسیرکی ایپ پر تیزی سے کام کررہی ہے جسکا عنقریب باضابطہ افتتاح کیا جائیگا۔اس موقع پر وادی کے سرکردہ علماء اور مشائخ مولانا شوکت حسین کینگ، مولانا خورشید احمد قانون گو، مولانا ایم ایس رحمن شمس،مولانا تحسین قاسمی اوررفیق احمد زرگرنے مہاجر ملت کی زندگی اور سوانح پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے انہیں کشمیریوں کا ایک مربی اور محسن قرار دیا۔