APHC-AJK

”یوم پاکستان“: حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کیطرف سے کانفرنس کا انعقاد

مضبوط ومستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے ضروری ، مقررین

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے آج”یوم پاکستان“کی مناسبت سے اسلام آبادمیں اپنے دفتر میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانفرنس کی صدارت حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے کی جبکہ مہمان خصوصی سابق سنیٹر فرحت اللہ بابر تھے۔کانفرنس کے مقررین نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی قرارداد نے مسلمانوں کے لیے ایک نئی راہ متعین کی۔انہوںنے کہا کہ ، ہمیں ان تمام عظیم قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے جو ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے دی گئی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان میں شمولیت کا کشمیریوںکا خواب ایک دن ضرور پورا ہوگا۔

مقررین نے کہا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور علامہ اقبال کے بصیرت افروز نظریات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قائد اعظم نے علامہ اقبال ؒ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے انتھک محنت کی۔ مقررین نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط معیشت، مستحکم سیاسی نظام اور مضبوط دفاعی صلاحیت کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول میں مدد فراہم کرنے کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان اپنی مشکلات کے باوجود کشمیری عوام کی بھر پور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کر رہا ہے۔ انہوںنے بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارت کو غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات اٹھانے سے باز رکھے ۔کانفرنس میں ریٹائرڈ جنرل عبد القیوم ،برگیڈیر ارشد محمود ،عبداللہ گل، غلام رضا نقوی ،چوہدری یسین ، رضوان صیفی ، ،مشتاق احمد بٹ ، محمود احمد ساغر ،سید یوسف نسیم ، سید گلشن ،میر طاہر مسعود ، الطاف احمد بٹ، ثناءاللہ ڈار ، سید اعجاز رحمانی، حسن بنا،امتیاز وانی، داواد یوسف زئی،حاجی سلطان بٹ, جاوید جہانگیر چوہدری شاہین اقبال, میاں مظفر ، نزیر کرناہی، عدیل مشتاق ،شیخ عبدالماجد ، عبدالمجید لون، منظور احمد ڈار،محمد اشرف ڈار، عبدالحمید لون، راجہ پرویز ،غلام نبی بٹ ،خالد شبیر ،آفسر خان ، محمد زین العابدین اور دیگر لوگ شریک تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button