فاروق رحمانی کی امریکہ اسرائیل حملے میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت

اسلام آباد: کل جماعتی حریت آنفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینر اور جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے امریکہ اور اسرائیل کے حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سیدعلی خامنہ ای کی شہادت اور ایران کے خلاف جنگ کی شدید مذمت کی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہاکہ ریاستوں کے سیاسی یا معاشی اختلافات کا حل جنگ نہیں ہے بلکہ یہ معصوم شہریوں کے لیے وحشت اور دہشت کا باعث بنتی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل اور امریکہ نے مشرق وسطی ٰکو عدم استحکام سے دوچارکردیا ہے جو پورے خطے کے امن اور ترقی کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ کا سہارا لے کر غیر ذمہ دار قوموں نے نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ مذاکرات کے مواقع کوبھی ضائع کیا۔ انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای اور انکے اہل خانہ کی شہادت کو رواں صدی کا ایک المناک ترین واقعہ قرار دیا جو خطے میں مزید سانحات کا سبب بن سکتا ہے۔فاروق رحمانی نے کہا کہ ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے حملوں نے خطے میں پہلے سے کشیدہ خیز ماحول کو مزید خطرناک بنادیاہے ۔انہوں نے خبردار کیاکہ یہ حملے خطے اور ہمسایہ ممالک کیلئے عدم استحکام اور خطرات کا باعث بنیں گے۔ فاروق رحمانی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ اسرائیل، دفاعی تعاون اور افغان طالبان کے پاکستان پر اچانک حملوں پر بھی سخٹ تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خطے کو بھارت اور اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کی قیمت ادا نہیں کرنی چاہیے کیونکہ ان کے انسانی حقوق کے ریکارڈ اور توسیع پسندانہ خواہشات عوام سے پوشیدہ نہیں ہیں۔






