کشمیری عوام سید علی گیلانی اور دیگر شہداءکے مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچائیں گے، حریت کانفرنس

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بزرگ قائد سید علی گیلانی شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر پر انکا موقف کشمیریوں کے استصواب رائے اور آزادی کے جائز مطالبے کی علامت تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کشمیریوں پر پر زور دیا کہ وہ بزرگ قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یکم ستمبر بروز پیر حیدر پورہ میں انکی قبرپر جاکر فاتحہ خوانی کریں ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا فرض ہے کہ وہ اپنے ان ہیروز کو یاد رکھیں جنہوں نے اپنی مادر وطن کی آزادی کے لیے اپنی زندگیاں وقف کیے رکھیں اور حق پر مبنی راستے میں اپنی جانیں لٹائیں۔
ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام یکم ستمبر کو اپنے اس عہد کی تجدید کریں گے کہ وہ سید علی گیلانی اور دیگر لاکھوں شہداءکے مشن کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔حریت کانفرنس کے ترجمان نے آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اور بھارتی چیرہ دستیوںکو بے نقاب کرنے کیلئے یکم ستمبر کو مختلف پروگراموں کا انعقا کریں۔
یاد رہے کہ سید علی گیلانی نے یکم ستمبر2021 کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں اپنی رہائش گاہ میں بھارتی پولیس کی حراست کے دوران شہادت پائی تھی جہاں انہیں ایک دہائی سے زائد عرصے تک مسلسل نظربند رکھا گیاتھا۔ بھارتی فورسز اہلکاروںنے سیدعلی گیلانی کی وصیت کے برعکس رات کی تاریکی میں انکی میت قبضے میں لیکر حیدر پورہ کے قبرستان میں انکی زبردستی تدفین کردی تھی جبکہ بزرگ قائد نے عید گاہ مزار شہداءمیں تدفین کی وصیت کر رکھی تھی۔KMS-03/M





