بیرون ملک مقیم کشمیری اور پاکستانی تنازعہ کشمیر کو اجاگر کریں ، محمود احمد ساغر
اسلام آباد17 جنوری (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے سعودی عرب اور دیگر ممالک میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں پرزوردیا ہے کہ وہ مقامی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اپنے تمام وسائل استعمال کریں۔
محمود احمد ساغر نے آج کشمیری کمیونٹی اور سعودی عرب میں مقیم کشمیریوں کے ایک وفد سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہیں مودی حکومت کی طرف سے غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں تجاوزات ہٹانے کی مہم کے نام پر جبری طورپر کشمیریوں کو انکی زمینوں سے بے دخلی کے بارے میں آگاہ کیا۔ملاقات میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں سید یوسف نسیم، امتیاز وانی ، شیخ محمد یعقوب، نثار مرزا، جاوید اقبال بٹ، مشتاق احمد بٹ، سید مشتاق، گلشن احمد، ندیم احمد اور کوارڈینیٹر جموں وکشمیر کیمونیٹی اورسیز راجہ پرویز احمدبھی موجود تھے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے وفد کا خیرمقدم کیااورنئی تنظیم تشکیل دینے پر عبدالطیف عباسی کو مبارک باد پیش کی۔