اقوام متحدہ : پاکستانی مشن میں یوم پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب
سفیر عاصم افتخار احمد کا کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
نیو یارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن میں یوم پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر سفیر عاصم افتخار احمد نے کشمیریوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے نامزد مستقل نمائندہ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ85سال قبل آج کے دن تاریخی مینار پاکستان پر جمع ہونے والے لاکھوں مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں قیام پاکستان کے مقصد کو حاصل کرنے میں استقامت، حوصلے اور بے لوث ہونے کی لازوال مثال قائم کی۔ اگر ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی دونوں زندگیوں میں اپنے بانیوں کے اسباق اور اقدار کو اپنا لیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم پاکستان کو مضبوطی سے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن نہ کر سکیں۔عاصم افتخار نے فروری 2019 میں بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور پاک فضائیہ کے پرعزم ردعمل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے مضبوط سٹریٹجک ڈیٹرنس قائم کیا۔ انہوں نے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن اور دوستانہ تعلقات کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرنا پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی وکالت جاری رکھنے کا عزم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے لیے ہماری حمایت بھی مکمل طور پر برقرار ہے، انہوں نے یاد دلاتے ہوئے کہا کہ 1940 کی قرارداد لاہور میں بھی فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا تھا۔