پاکستان

پاک فوج کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوںپر اظہار تشویش

راولپنڈی : پاک فوج نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل اور سنگین خلاف ورزیوں اور کنٹرول لائن پر سیز فائر کی بلا اشتعال خلاف ورزی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت گزشتہ روز منعقدہ کور کمانڈر کانفرنس میںمقبوضہ جموںو کشمیرکے عوام کے منصفانہ حقوق کیلئے پاکستان کی پرزور اور غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی سطح پراجاگرکرنے کیلئے مستقل سفارتی کوششیں ضروری ہیں۔
کانفرنس میں فلسطین کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور غزہ میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورجنگی جرائم کی شدید مذمت کی گئی ۔فورم نے فلسطینیوں کی غیرمتزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔کور کمانڈر کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کی ہر صورت کو کسی بھی قیمت پر ختم کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں، حامیوں کے خلاف بھرپور طاقت استعمال کی جائے گی، بلوچستان میں کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
کانفرنس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر اجلاس میں ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیااور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کرنے والے دشمن عناصر کے ایما پر کام کرنے والے سہولت کاروں اور تخریب کاروں کے خلاف ریاست کی پوری قوت استعمال کرنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی کو بھی بلوچستان میں امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی کی قیمت پر اپنے سیاسی مفادات کو آگے بڑھانے والے سماجی تخریبی عناصر اور ان کے نام نہاد حامیوں سمیت غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والے پراکسیز کے مذموم عزائم کو بلوچستان کے عوام کی غیر متزلزل حمایت سے ناکام بنایا جائے گا۔اجلاس میں کہا گیا کہ تمام ملکی اور غیر ملکی عناصر کا اصل چہرہ، ان کے درمیان گٹھ جوڑ اور افراتفری پھیلانے کی ان کی کوششیں بے نقاب ہو چکی ہیں اور ان سے بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔
آرمی چیف نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آخر میں آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیارکو برقرار رکھیں اور جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے کے لیے سخت تربیت کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button