سرینگر میں دو خواتین کی گرفتاری کی مذمت
بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 2اور کشمیری نوجوان شہید
سرینگر16 دسمبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس، میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اور دیگر حریت رہنماوں اور تنظیموں نے بھارتی پولیس کے ہاتھوں سرینگر میں دو بے گناہ خواتین کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے سرینگر کے علاقے رنگریٹھ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پیر کے روز دو نوجوانوں کے جعلی مقابلے میں قتل کے خلاف مظاہرے کے دوران بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگانے پر ایک خاتون افروزہ اور اس کی بیٹی عائشہ کو گرفتار کیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں پولیس کی کارروائی کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بزدل بھارتی فورسز قریبی عزیزوں کے بے رحمانہ قتل پر سوگ منانے والی خواتین کو بھی نہیں بخش رہیں۔
میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ مقبوضہ علاقے میں نعرے لگانا بھی جرم بن گیا ہے ۔ فورم نے قابض انتظامیہ سے خواتین کی رہائی کامطالبہ کیا۔
جموں و کشمیر ماس موومنٹ، جموں و کشمیر پیروانِ ولایت اور انسانی حقوق کے علمبردار محمد احسن اونتو نے اپنے بیانات میں خواتین کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ قرار دیا۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں خواتین کی گرفتاری قابض انتظامیہ کی نئی پستی ہے جو نئی دلی میں اپنے آقاو¿ں کی خوشنودی کےلئے عام شہریوں پر مظالم ڈھارہی ہے ۔
آزادی پسند تنظیموں بشمول جموں و کشمیر مسلم لیگ، جموں و کشمیر پیپلز لیگ، جموں و کشمیر مسلم خواتین مرکز، جموں و کشمیر مسلم کانفرنس، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ ، کشمیر ریزسٹنس موومنٹ ، جموں و کشمیر جسٹس لیگ، جموں و کشمیر ینگ مینز لیگ اور جموں و کشمیر سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم نے افروزہ بیگم اور عائشہ سمیت تمام غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی رہائی کیلئے اور جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کے قتل کے خلاف کل مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔
ادھربھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع کولگام کے علاقے ریڈونی میں 2اور کشمیری نوجوانوںکو شہید کر دیا۔نوجوانوںکو تلاشی اور محاصرے کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیاگیا۔ نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے ۔ مظاہرین نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔ ان شہادتوں سے رواں ہفتے شہید ہونے والے نوجوانوںکی تعداد بڑھ کر 6ہوگئی ہے۔
بھارتی پولیس نے بانڈی پورہ ٹاﺅن میں گھروں پر چھاپوں کے دوران 50سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔ یہ گرفتاریاں قصبے میں ایک حالیہ حملے میں دو پولیس اہلکاروںکی ہلاکتوں کے بعد کی گئی ہیں۔