پاکستانی شہریوں کے ویزوں کی منسوخی سے سنگین انسانی مسائل پیدا ہور ہے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہاہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے کے فیصلے سے سنگین انسانی مسائل پیدا ہور ہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ان خیالات کااظہار پاکستانی شہریوں کی بھارت سے واپسی کے لیے واہگہ سرحد کی دستیابی سے متعلق میڈیا کے سوالات کے پر ردعمل میں کیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کے فیصلے کی وجہ سے کئی مریض علاج مکمل کیے بغیر پاکستان واپس آنے پر مجبور ہوئے۔ خاندانوں کے جدا ہونے اور بچوں کے والدین سے بچھڑنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ واہگہ-اٹاری بارڈر سے گزرنے کی آخری تاریخ 30 اپریل تھی۔اس تناظر میں، ہمیں کچھ پاکستانی شہریوں کے اٹاری پر پھنسے ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں ۔ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ اگر بھارتی حکام اپنی طرف سے پاکستانی شہریوں کو سرحد عبور کرنے کی اجازت دیتے ہیں تو ہم انہیںلینے کیلئے تیار ہیںاوراہگہ بارڈر آئندہ بھی پاکستانی شہریوں کے لیے کھلا رہے گا۔