پاکستان فلسطین اور کشمیر کی بہادر عوام کے ساتھ کھڑا ہے: آرمی چیف
راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے نئے سال کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے فلسطین اورمقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آرمی چیف نے سال نو کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان کے معزز وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق ہم فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے لئے دعاگو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نیا سال ان کے لئے راحت لائے گا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ان کے حوالے سے کہاکہ2023کا ایک چیلنجنگ لیکن اہم سال ختم ہو گیا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کے قابل فخر اور باعزت لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال 2024پاکستان کے لیے اندرونی اور بیرونی طور پر بہت اہمیت کا حامل ہے۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج مادر وطن کی خدمت کے حب الوطنی کے جذبے کو تقویت دیتی ہیںجو لاتعداد انعامات اور بے شمار مواقع کی سرزمین ہے۔بلاشبہ ہماری عظیم قوم ہمارے آباو اجداد کے خوابوں اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر پورا اترے گی، یقینا آنے والی نسلوں کا روشن مستقبل ہمارا منتظر ہے، انشا اللہ۔