پاکستان خطے اور دنیا میں امن کا خواہاں ہے، آرمی چیف
ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کیاگیاتو بھرپورجواب دیاجائیگا
راولپنڈی:
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن کا خواہاں ہے، تاہم اگر پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کیا گیا تو قوم کی عزت اوروقار اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کے لیے بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ان خیالات کا اظہار جنرل ہیڈ کوارٹرزرالپنڈی میں 15ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ کو عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے اس موقع پر واضح کیاکہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، مسلک یا قومیت نہیں ہوتی اور اس کا مقابلہ صرف قومی اتحاد اور پختہ عزم سے ہی ممکن ہے۔ ایسے دہشت گرد گروہ جو بلوچ شناخت کے نام پر بدامنی پھیلاتے ہیں، دراصل بلوچ قوم کی عزت و وقار پر دھبہ ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی بلوچستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا جو تشدد کرنے، خوف پھیلانے اور صوبے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔