بھارتی ریاست کیرالہ میں دو سیاستدانوں کے قتل کے بعد حالات کشیدہ
الپپوزہا 20 دسمبر (کے ایم ایس) بھارتی ریاست کیرالہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا سے تعلق رکھنے والے دو سیاستدانوں کے یکے بعد دیگرے قتل سے لرز اٹھی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایس ڈی پی آئی اور بی جے پی کے رہنماو¿ں کو ریاست کے ساحلی ضلع الاپپوزہامیں قتل کیا گیا۔ پولیس حکام نے ضلع الاپپوزہا میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ آئی جی پولیس ہرشیتا اتلوری نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس نے تقریباً 50 افراد کو گرفتار کیا جن میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ بی جے پی، آر ایس ایس اور ایس ڈی پی آئی کے کارکنان بھی شامل ہیں۔ انہوںنے دعویٰ کیا کہ زیر حراست تمام افراد مجرم نہیں ہیں اور پولیس ان دونوں کیسز کی تحقیقات کر رہی ہے۔کیرالہ میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے ریاستی سیکریٹری کے ایس شان پر ہفتہ کی رات اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ گھر واپس جا رہے تھے اور ان کی پارٹی نے الزام لگایا کہ اس کے پیچھے آر ایس ایس کا ہاتھ ہے۔پولیس نے بتایا کہ چند گھنٹوں بعد بی جے پی کے او بی سی مورچہ کے ریاستی سیکریٹری رنجیت سری نواس کو اتوار کی صبح کچھ حملہ آوروں نے ان کے گھر میں گھس کر قتل کر دیا۔پولیس نے بتایا کہ اسے شبہ ہے کہ سری نواس پر مہلک حملہ جو بی جے پی کی ریاستی کمیٹی کے رکن بھی ہیں،کے ایس شان کے قتل کا بدلہ تھا۔