پاکستان امن کا خواہاں ہے ، کشمیر سمیت تمام تنازعات کامذاکرات کے ذریعے حل چاہتاہے
سٹراس برگ:
پاکستان کے اعلی سطح کے پارلیمانی وفد کی سٹراس برگ میں یورپین پارلیمنٹ کے رکن اور یورپین پیپلز پارٹی کے مشیر برائے خارجہ پالیسی مائیکل گہلرکے ساتھ ملاقات کی ۔ ملاقات میں خطے میں امن و امان کی صورتحال، جمہوری اقدار کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پارلیمانی وفد نے بھارت کے جارحانہ طرز عمل کے باعث علاقائی سلامتی کو درپیش شدید خطرات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے زور دیا کہ یورپ سمیت عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے سندھ طاس جیسے بین الاقوامی معاہدے کی یکطرفہ معطلی کا نوٹس لینا چاہیے۔ وفد نے بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے حوالے سے پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیااورکہا کہ اس طرح کے اقدامات علاقائی ماحولیاتی نظام اور عالمی معاہدوں کی سالمیت کیلئے خطرہ ہو سکتے ہیں ۔ پارلیمانی وفد نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور کشمیر سمیت تمام تنازعات کو گفت و شنید کے ذریعے حل چاہتا ہے۔