پاکستان کی بھارتی وزیر خارجہ کے پاک افواج سے متعلق گمراہ کن بیان کی مذمت
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے پاکستانی افواج سے متعلق بیان کو بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار د یتے ہوئے مسترد کر دیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جے شنکر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت کے زیادہ تر مسائل کی وجہ پاکستان کی مسلح افواج ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، پاکستان کے تمام ادارے، بشمول مسلح افواج قومی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں، یہ ادارے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں برس مئی میں پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور ذمہ داری سے بھارتی جارحیت کا مثر جواب دیا، کوئی بھی پروپیگنڈا اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا، بھارتی قیادت کی پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنیکی کوششیں مذموم پروپیگنڈا مہم ہیں۔طاہر حسن اندرابی کا کہنا تھا بھارت کی اس مہم کا مقصد بھارت کے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات سے توجہ ہٹانا ہے، بھارت پاکستان میں اس کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، اس طرح کے شتعال انگیز بیانات عکاسی کرتے ہیں کہ بھارت کو خطے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کی پروا نہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قیادت کو پاکستان کی مسلح افواج پر بے بنیاد تبصرے کے بجائے فاشسٹ اور انتہاپسندانہ ہندوتوا نظریے کی تحقیقات کرنی چاہئیں، ہندوتوا نظریے نے بھارت میں ہجوم کے ہاتھوں قتل، ماورائے عدالت کارروائیوں کو جنم دیا اور عبادت گاہوں و املاک کی مسماری کو جنم دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور اس کی قیادت مذہب کے نام پر پروان چڑھنے والی دہشت سے یرغمال بن چکے ہیں، پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، پاکستان قومی مفادات اور خودمختاری کیتحفظ کے لیے متحد، مضبوط اور پرعزم ہے۔۔






