مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہیں: وزیر خارجہ
اسلام آباد 21 دسمبر (کے ایم ایس) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شاہ محمود قریشی نے یہ بات برطانوی دارالعوام میں حزب اختلاف کی ڈپٹی لیڈرسے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج (منگل کو) اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کودارالعوام اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ معاملہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ اتوار کو اسلام آباد میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس افغانستان میں سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کے حوالے سے نتیجہ خیز ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ سمیت عالمی برادری کو افغان عوام کی مدد کے لیے آگے آنے کی ضرورت ہے۔