عبدالصمد انقلابی کی طرف سے کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ
سرینگر11 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اسلامی تنظیم آزادی جموں وکشمیر کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے بھارتی قابض انتظامیہ سے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند تمام کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مہلک کورنا وبا اور غیر قانونی نظربندی کے دوران حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ فسطائی بھارتی حکومت نے غیر قانونی طورپرنظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی دور دراز جیلوں میں نظربند کر رکھا ہے ۔ انہوں نے نظربندی کے دوران بعض حریت قائدین اور کارکنوں کے مہلک وبا میں مبتلا ہونے کی اطلاعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام کشمیری نظربندی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ عبدالصمد انقلابی نے افسوس ظاہر کیاکہ جیلوں میں کشمیری نظربندوں کو علاج معالجے اور مناسب خوراک سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت تیزی سے گررہی ہے ۔