تشدد کو ہوا دینے والو ں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، پرینکا گاندھی
نئی دہلی25 دسمبر (کے ایم ایس) انڈین نیشنل کانگریس کی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی نے بھارتی ریاست اترا کھنڈکے شہر ہری دوار میںحال ہی میںہندو توا کے رہنماﺅں کی ایک مذہبی تقریب ”دھرم سنسد“ میںکی گئی نفرت انگیز تقاریر پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تشدد کوہوا دینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکتیں آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آل انڈیا ترنمول کانگریس کے قومی ترجمان ساکیت گوکھلے نے بھی ہریدوار میں منعقدہ ’دھرم سنسد‘ کے منتظمین اور مقررین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جہاں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریرکی گئیں۔پرینکا گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اس قسم کی نفرت اور تشدد کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جانی چاہیے۔
یاد رہے کہ اس ہفتے کے اوائل میںانتہاپسند ہندو رہنماﺅں کی ایک مذہبی تقریب ”دھرم سنسد“ کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جن میں انہیں اشتعال انگریز تقاریر کرتے دیکھا جاسکتا ۔ یہ تقریب17سے 20دسمبر کے درمیان ہرد دوار میں ہوئی تھی۔ ہندو رہنماﺅں میں اپنی تقاریر میںہندوﺅں پر زور دیا تھا کہ وہ اپنے مذہب کو مسلمانوں سے بچانے کیلئے ہتھیار اٹھائیں۔ویڈیو میں ہندو انتہا پسندوں کو یہ کہتے ہوئے صاف دیکھا او رسنا جاسکتا ہے کہ میانمار کی طرح ہماری پولیس ، فوج، سیاست دانوں اور ہر ہندو کو ہتھیار اٹھانے چاہئیں اور صفائی ابھیاں(کلین اب) کرنا چاہیے۔