آگرہ پولیس کی حکومت سے کشمیری طلباءکے خلاف بغاوت کا مقدمہ چلانے کی اجازت طلب
آگرہ 25 دسمبر (کے ایم ایس) بھارتی ریاست اترپردیش کے شہرآگرہ کی پولیس نے ریاستی حکومت کو خط لکھ کر تین کشمیری طلباءکے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت طلب کی ہے جنہیں رواں سال اکتوبر میں ٹی ٹونٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پر واٹس ایپ پرپاکستانی ٹیم کی تعریف کرنے پر غداری اور دیگر الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گرفتارکشمیری طلباءنے اپنا مقدمہ آگرہ سے متھرا منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔تینوںطالب علم ارشد یوسف، عنایت الطاف شیخ اور شوکت احمد گنائی اس وقت آگرہ ڈسٹرکٹ جیل میں بند ہیں۔کیس کے تفتیشی افسر اور جگدیش پورہ پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاو¿س آفیسر پرویندر کمار سنگھ کے مطابق پولیس نے طلباءکے خلاف دفعہ-A 124 (بغاوت) اور تعزیرات ہند کی دیگر دفعات کے تحت مقدمہ چلانے کی منظوری کے لیے اجازت طلب کی ہے۔ تینوں کے خلاف آگرہ کے جگدیش پورہ پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔