اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد27 دسمبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف اسلام آبادمیں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فرنڈز آف کشمیر کے زیرِ اہتمام احتجاجی مظاہرے کی قیادت حریت رہنما اور پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحمید لون نے کی۔ مظاہرین نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و جبر کے خلاف کیخلاف شدید احتجاج کیااور بھارت مخالف نعرے بلند کئے ۔ مقرر ین نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری نوجوانوں کا قتل عام بند کرائے ۔ عبدالحمید لون نے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسز نہتے کشمیری نوجوانوں کو عسکریت پسند قرار دیکرانہیں جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کے بعد انکی میتوں کو نامعلوم مقام پر دفن کردیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جنگل کا راج ہے اورکشمیری عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام پر جواب دہ ٹھہرائیں۔