ہم جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے پر عزم ہیں،فاروق عبداللہ
سرینگر28 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبدا للہ نے کہاہے کہ ہم کشمیری عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق اور جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے پر عز م ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے درگاہ حضرت بل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم حق پر ہیں اس لئے ہمیں ضرور فتح و نصرت ملے گی اور اللہ کے سوا کوئی ہمارا مددگار نہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت جموں وکشمیر کے ہر فرد کوغیر یقینی صورتحال، اقتصادی اور معاشی بدحالی اور بے روزگاری کاسامنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں حق کی آواز بلند کرنے پر قدغن ہے اورانصاف مانگنے والوں کو ناانصافی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ کہا کہ اپنے جمہوری حقوق کیلئے جدوجہدجاری رکھنے کے ساتھ ساتھ سماجی بے راہ روی سے معاشرے کو پاک کرنا ہم سب کی اہم ذمہ داری ہے۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کی واپسی اور جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے متحد اور پرعزم ہیں۔