شہیدبرہان وانی کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں پوسٹر چسپاں
سرینگر: ممتاز نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ 8جولائی 2016کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں ایک جعلی مقابلے کے دوران شہید کیا تھا۔ان کی شہادت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ایک عوامی احتجاجی تحریک کو جنم دیا تھاجس دوران بھارتی فوجیوں نے 150سے زائد مظاہرین کو شہید اورہزاروں کو زخمی کیاتھا۔مختلف آزادی پسند جماعتوں کی جانب سے لگائے گئے پوسٹروںمیں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ برہان وانی اور دیگر شہدا ء کو یا رکھیں، ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کریں اور شہدا ء کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔برہان وانی اور دیگر کشمیری شہدا ء نے ایک مقدس مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور یہ کشمیری عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں۔پوسٹروں میں کہا گیا کہ شہید برہان وانی اور دیگر شہدا ء کا مشن اپنے مادر وطن کو بھارتی چنگل سے آزاد کرانا تھا جسے ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا ۔ پوسٹروں میں لوگوںپر زور دیا گیاکہ وہ بھارت کے مذموم عزائم کو ملکر ناکام بنائیں۔یہ پوسٹر ٹویٹر اور فیس بک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی گردش کر رہے ہیں۔