سوپور: پھلوں کے تاجروں کا احتجاج، سیب کی درآمد پر پابندی کا مطالبہ
سرینگر01 جنوری (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سوپور فروٹ بائیرز یونین (Sopore Fruit Buyers Union )نے جنوبی ایشیائی آزاد تجارتی معاہدے (سافٹا) کے تحت افغانستان کے راستے مقبوضہ علاقے میں ایرانی سیب کی مبینہ درآمد کے خلاف احتجاج کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سوپور کی فروٹ و سبزی منڈی میں سینکڑوں بیوپاری جمع ہوئے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی سیبوں کی درآمد کشمیر کے باغبانی کے شعبے کو متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی سیب ایک ایسے وقت میں درآمد کیا جا رہا ہے جب پھلوں کے کاشتکار قدرتی آفات اور کورونا پابندیوں کی وجہ سے پہلے ہی نقصان اٹھا چکے ہیں۔
یونین کے صدر مدثر احمد نے مقامی سیب کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے حکام سے معاملے میں مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی سیب کی درآمد کے نتیجے میں ہمیں کافی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایرانی سیب کی درآمد نے کشمیری سیب کی قیمتیں کم کر دی ہیں کیونکہ درآمد شدہ سیب کم قیمت پر فروخت ہوتے ہیں۔