بھارت: اترپردیش میں دلت نوجوان پرہندو انتہاپسندوں کا حملہ، جوتے چاٹنے پر مجبورکردیا
لکھنو: بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست اتر پردیش میں نام نہاد اونچی ذات کے ہندوئوں نے ایک دلت نوجوان پر وحشیانہ حملہ کیااور اسے جوتے چاٹنے پر مجبورکردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہندو انتہاپسندوں نے ضلع ہمیر پور میںمعروف دلت رہنما اوربھارتی آئین کے خالق ڈاکٹر بی آرامبیدکر کی تصویر بھی پھاڑ دی۔متاثرہ شخض امیش بابو پرجس کا تعلق سمنادی گائوں سے ہے، اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ بازار جارہاتھا ۔ ملزمان نے اس پرتشدد سے پہلے اسے گالیاں دیں اورذات پات کی بنیاد پر توہین آمیز طعنے دیے ، جس کے بعداسے شدید مارا پیٹا اور اس کا ایک ہاتھ توڑدیا۔ پولیس کو بار بار تشدد کی اطلاع دینے کے باوجودکوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ امیش بابو نے کہاکہ میں نے کئی بار پولیس سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔انہوں نے کہاکہ پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر دیکشا شرما کی مداخلت پر12دن کے بعد بالآخر پولیس نے ملزمان کے خلاف شکایت درج کرائی۔ سمر پور پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او انوپ سنگھ نے بتایاکہ ہم نے متاثرہ شخص کی شکایت موصول ہونے کے بعد کیس درج کر لیا اور تحقیقات شروع کر دی ہے۔ادھر دلت تنظیموں نے ایف آئی آر میں تاخیر پر پولیس کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ملزمان اور شکایت درج کرنے سے انکار کرنے والے پولیس اہلکاروںکے خلاف تحقیقات اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔




