بھارت نے کشمیری عوام کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے: مسرت عالم بٹ
سرینگر03 جنوری (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیری عوام کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے اور ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت انکا قتل عام کررہا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے مسرت عالم بٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فوجی ہمارے نوجوانوں کا قتل عام کر رہے ہیں اور بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں قیمتی انسانی زندگیاں تلف ہورہی ہیں۔حریت چیئرمین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو5جنوری 1949کو منظورکی گئی قرارداد کی یاددہانی کرائی جس میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔انہوں نے عالمی ادارے سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیرکو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اور اس کے تاریخی پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کرائے تاکہ نہتے کشمیریوںکا قتل عام بند ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرنے کے بجائے اس دیرینہ تنازعے کو اپنااندرونی معاملہ اور امن وامان کا مسئلہ قراردینے کی ناکام کوششیں کررہا ہے۔حریت چیئرمین نے کہاکہ کشمیری عوام نے مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی،جغرافیائی اور سیاسی پس منظر میں حل کرانے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کی خاطرتنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے۔مسرت عالم بٹ کئی دیگر حریت رہنماو¿ں کے ساتھ نئی دہلی میں بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل کے الگ الگ سیلوں میں نظربند ہیں جن میں شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، الطاف احمد شاہ، محمد ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، فہمیدہ صوفی، فاروق احمد ڈاراور انسانی حقوق کے ممتاز کارکن خرم پرویز شامل ہیں۔