صدر مسعود خان نے الطاف بٹ ، فہیم کیانی ، محمد غالب اوردیگر کو صدارتی ایوارڈ سے نوازا
مظفر آباد24 اگست (کے ایم ایس) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ان کی شاندار کارکردگی پر صدارتی ایوارڈز سے نوازاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سردار مسعود خان نے ایوان صدر مظفر آباد میں منعقد ہ ایک تقریب میں حریت رہنما اور جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ ،تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب اور سینئر صحافیوں طارق نقاش اور محمد اسلم میرکو ایوارڈدیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مسعود خان نے کہا کہ ان شخصیات کو یہ ایوارڈز ان کے متعلقہ شعبوں اور تحریک آزادی کشمیر میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیے گئے ہیں۔ الطاف بٹ، طارق نقاش اور اسلم میر نے ذاتی طور پر سردار مسعود خان سے صدارتی ایوارڈ وصول کئے جبکہ فہیم کیانی اور محمد غالب کے ایوارڈز ان کے عزیزوں وقار کیانی اور ارشد کیانی نے وصول کئے۔ ایوارڈ وصول کرنے والوں نے آزادجموںوکشمیر کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ تحریک آزادی کشمیرکے لئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔