راہول گاندھی نے لداخ میں چین کی طرف سے پل تعمیر کرنے کی خبروں پر بھارتی وزیر اعظم کی خاموشی پر سوال اٹھایا
نئی دہلی 04 جنوری (کے ایم ایس) کانگریس رہنما راہول گاندھی نے لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے قریب پینگونگ تسو جھیل پر چین کی طرف سے پل تعمیر کرنے کی خبروں پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ وزیراعظم کی خاموشی واضح ہے۔ ہماری سرزمین، ہمارے لوگ، ہماری سرحدیں اس سے بہتر کے مستحق ہیں۔کانگریس رہنما نے ایک خبر کا حوالہ دیاجس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین دو ماہ سے پینگونگ تسو جھیل پر ایک پل بنا رہاہے جو ایل اے سی کے انتہائی قریب ہے۔ رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ پل جھیل کے شمالی اور جنوبی کنارے کو جوڑے گا۔کانگریس پارٹی اور راہول گاندھی مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ سرحدی صورتحال سے نمٹنے کے طریقے پر مودی حکومت پر تنقید کرتے رہے ہیںجہاں پر گزشتہ سال بھارتی فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان خونریز جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔