پاکستان کی تاجکستان میں چینی باشندوں پر افغانستان سے ڈرون حملے کی شدید مذمت

اسلام آ باد: پاکستان نے تاجکستان میں 3 چینی باشندوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اس واقعے میں مسلح ڈرون کے استعمال نے ’افغانستان سے درپیش خطرے کی سنگینی اور اس کے پس پردہ عناصر کی ڈھٹائی‘ کو واضح کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تاجک حکام نے جمعرات کو بتایا کہ تاجکستان میں ایک چینی کمپنی کے 3 کارکن افغانستان کی سرحد کے قریب ہونے والے ایک حملے میں مارے گئے ۔ تاجک وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ملک کے جنوبی حصے میں چینی کمپنی کے کارکنوں پر ڈرون اور آتشیں اسلحے سے حملہ کیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آتشیں اسلحے اور دستی بم سے لیس ڈرون کے ذریعے کیے گئے اس حملے میں چینی شہریت رکھنے والے 3 ملازمین کی جانیں چلی گئیں۔ تاجک وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ پڑوسی ملک (افغانستان) میں موجود جرائم پیشہ گروہ سرحدی علاقوں میں صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں
۔بعد ازاں پاکستان کے دفترِ خارجہ نے جمعہ کی صبح جاری بیان میں اس ’بزدلانہ دہشت گرد حملے‘ میں چین اور تاجکستان کے شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔دفتر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان اس بزدلانہ حملے کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اس واقعے میں مسلح ڈرون کے استعمال نے افغانستان سے درپیش خطرے اور اس کے پس پردہ عناصر کی ڈھٹائی کو نمایاں کیا ہے‘۔بیان میں کہا گیا ہے ’ایک ایسے ہمسائے کے طور پر جو افغان سرزمین سے منظم دہشت گرد حملوں کا بارہا نشانہ بنا ہے، پاکستانی عوام اپنے چینی دوستوں اور تاجک شراکت داروں کے غم اور تکلیف کو پوری طرح محسوس کرتے ہیں‘۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان مسلسل اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ افغان سرزمین کو اپنے ہمسایوں یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے، افغان سرزمین کا دہشت گرد عناصر کی جانب سے بار بار استعمال اور ان کی افغان طالبان حکومت کی سرپرستی میں موجودگی پورے خطے اور عالمی برادری کے لیے باعثِ تشویش ہے‘۔دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ افغان سرزمین سے حملہ کرنے والے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے خلاف ٹھوس اور قابلِ تصدیق کارروائی ہی اس بڑھتے ہوئے خطرے کا واحد حل ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے چین، تاجکستان اور دیگر علاقائی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی آئی ایس آئی ایل (داعش) اور القاعدہ پر پابندیوں سے متعلق کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے ڈنمارک نے وسطی اور جنوبی ایشیا میں ٹی ٹی پی کے ’سنگین خطرے‘ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ گروہ افغان حکام کی جانب سے ’لاجسٹک اور خاطر خواہ مدد‘ حاصل کر رہا ہے۔
دریں اثنا، مسلم اکثریتی ملک تاجکستان، جو سابق سوویت یونین کے غریب ترین ممالک میں سے ایک ہے، 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد انتہا پسندی کے بڑھتے ہوئے خدشات کا اظہار کرتا رہا ہے۔عسکریت پسند دونوں ممالک کے درمیان تقریباً 1350 کلومیٹر طویل پہاڑی سرحدی علاقے میں سرگرم ہیں۔تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن طالبان پر کھلی تنقید کرتے ہیں اور گروہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ نسلی تاجکوں کے حقوق کا احترام کرے جو افغانستان کی 4 کروڑ آبادی کا تقریباً چوتھائی حصہ ہیں۔







