تنازعہ کشمیرانسانی المیے کا اداس چہرہ پیش کرتاہے، فوادچوہدری
اسلام آباد 07 جنوری (کے ایم ایس)
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ انسانی المیے، سیاسی تباہی اور فسطائی بھارتی حکومت کے معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق سے مسلسل انکار کا اداس چہرہ پیش کرتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فواد چوہدری نے برلن میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام جموں و کشمیر یوم حق خود ارادیت کے حوالے سے منعقدہ ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کوئی علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ سابق ریاست جموں و کشمیر کے عوام کا معاملہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر کا تنازعہ انسانی المیے، سیاسی تباہی اور فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق سے مسلسل انکار کا اداس چہرہ پیش کرتا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ بھارتی مظالم مقبوضہ جموں و کشمیر کی حدود سے نکل کر پورے بھارت میں پھیل گئے ہیں کیونکہ بھارت کے اندر بھی بی جے پی حکومت میں اقلیتوں کو ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستانی عوام کے دلوں کے بہت قریب ہے اور پرامن پاک بھارت تعلقات کا خواب بھارتی حکومت کے انتہا پسندانہ نظریے کے ہاتھوں شکست کھا چکا ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو معصوم لوگوں پر وحشیانہ ظلم بند کرنے، مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لینے اور اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون پرمجبور کرے ۔جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے شرکا کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ عالمی برادری کا جموں و کشمیر کے عوام سے حق خود ارادیت کا وعدہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے گزشتہ 73 سالوں سے عملدرآمد کا متقاضی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی ظلم و جبر سے آزادی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی اجازت ملنے تک پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔