بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کا احتجاج کرنے والے سکھ کسانوں کے خلاف کارروائی کرنے سے انکار
امرتسر 10 جنوری (کے ایم ایس)بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چھنی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ پنجاب کے موقع پر احتجاج کرنے والے سکھ کسانوں کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیر اعلیٰ چھنی نے ایک انٹرویو میں کہاکہ وزیراعظم کے دورے کے لیے ٹھوس انتظامات کیے گئے تھے۔ میں احتجاج کرنے والے کسی کسان اور پنجابی کے خلاف کارروائی نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کو 10 منٹ انتظار کرنا پڑا تو کیا ہوا؟ انہوں نے کہاکہ مظاہرین ان کے قریب بھی نہیں گئے،کسی نے ان کے ساتھ کچھ نہیں کیا، میں کسانوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کروں گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم کی ریلی میںکیپٹن امریندر سنگھ کے علاوہ کوئی پنجابی نہیں گیا، اس لیے پنجاب کی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے مظاہرین کو پیار سے ہٹایاہے، میں اپنے لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی ریلی میں 70 ہزار کرسیاں لگائی گئی تھیں لیکن وہاں صرف 700 لوگ ہی تھے، اسی لیے مودی ریلی میں نہیں گئے۔انہوں نے کہاکہ اترپردیش میں انتخابات جیتنے کے لیے پنجاب کو بدنام کیا رہا ہے۔