مسرت عالم نے متنازعہ جموں و کشمیر کے بارے میں بھارت کی” اٹوٹ انگ“ کی رٹ کو یکسر مسترد کردیا
سرینگر10جنوری (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے علاقے میںسفاک بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں منظم نسل کشی، ماورائے عدالت قتل اور غیر قانونی نظربندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر کے بارے میں بھارت کی ”اٹوٹ انگ “ کی رٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت1947 ءسے کشمیری عوام کے عزم کو توڑنے اور ان کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لئے فوجی طاقت کا استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں مکمل طور پر ناکام ہوچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ حریت پسندکشمیری عوام نے اپنے مادر وطن پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف ہمیشہ بھرپورمزاحمت کی ہے۔نظر بند رہنما نے شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے مقدس مقصد کے لیے ہمارے پاس ثابت قدمی، صبر اورجہد مسلسل ہی واحد راستہ ہے۔مسرت عالم بٹ نے عالمی برادری، او آئی سی، یورپی یونین اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور غیر مقامی ہندوو¿ں کو غیر قانونی طور پر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے ،ریاستی اراضی کو غیرمقامی تاجروں کو فروخت کرنے اور فوجی مقاصدکے استعمال کے لیے وسیع علاقے الاٹ کرنے جیسے ہتھکنڈوںکے ذرےعے متنازعہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا سنجیدہ نوٹس لیں۔ حریت چیئرمین نے عالمی امن اور خوشحالی کے بہترین مفاد میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا اور امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنے وعدے اور ذمہ داریاں پوری کرے گا۔