مقبوضہ جموں و کشمیر

مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں دائمی امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، شبیر شاہ

سرینگر19 جنوری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند نائب چیئرمین شبیر احمد شاہ نے مقبوضہ علاقے کی بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال پرسخت تشویش کاا ظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا تب تک خطے میں دائمی امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے 5اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال خطرنا ک حد تک بگڑ چکی ہے ۔ انہوںنے بھارتی اقدامات کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلم کھلا خلا ف ورزی قرار دیتے ہوے کہا کہ پانچ اگست کشمیرکی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے جسے کشمیری کبھی بھی فراموش نہیں کریںگے۔ انہوںنے واضح کیا کہ کشمیری غاصبانہ بھارتی قبضے کے خاتمے اور حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ شبیر احمد شاہ نے مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور ظلم و ستم پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتی حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ماردھاڑ اور ظلم و تشدد سے ہمارے عزائم توڑ سکتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوں نے کبھی بھی بھارتی کا غاصبانہ قبضہ تسلیم نہیں کیا ہے اور نہ وہ 5اگست 2019کے غیر جمہوری اور غیر قانونی اقدامات کو تسلیم کرتے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین نے بھارت کو خبر دار کیا ہے کہ وہ کشمیر کے بارے میں اپنی ہٹ دھرمی ، غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کو ترک کرے اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ماحول کو سازگار بنائے۔ انہوںنے کشمیریوں کی انتھک جدوجہد اور لازوال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حق خود ارادیت کی جدوجہد میں انہوں نے گزشتہ 73برس سے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ رات چاہے کتنی ہی تاریک اور طویل ہو صبح اسکا مقدر ہوتا ہے لہذا کشمیر کا مقدر بھی آزادی ہے اور بھارت چاہے جتنا بھی ظلم کر لے وہ کشمیریوں کو انکے پیدائشی حق، حق خود ارادیت سے ہرگز محروم نہیں رکھ سکتا۔شبیر احمد شاہ نے کشمیریوں کے جذبہ حریت، انکے عزم وحوصلے اور نوجوانون کے تدبر اور تحریک آزادی میںانکی بیش بہا قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں کشمیریوںکی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ آزادی کی نعمت سے سرفراز ہونگے۔انہوںنے کہا کہ اس وقت جب بھارت کی ہندو توا حکومت ہمارے سیاسی ، تاریخی اور مذہبی تشخص کو مٹانے کے درپے ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم نسل پرست بھارتی حکومت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں ۔
شبیر احمد ساہ نے بھارتی دانشوروں سے اپیل کی وہ وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں جو خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ اور نہ ختم ہونے والی کشیدگی ، تناﺅ، سیاسی اور معاشی عدم استحکام ، بھوک اور بیروزگاری جیسے مسائل کا سبب ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button