مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی ابترصورتحال عالمی توجہ مبذول کر رہی ہے، ارشاد محمود

اسلام آباد21 جنوری (کے ایم ایس) جموں وکشمیر لبریشن سیل (جے کے ایل سی) کے ڈائریکٹرجنرل ارشاد محمود نے کہاہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال بتدریج عالمی توجہ مبذول کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ارشادمحمود نے ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے زیر اہتمام جموںوکشمیر لبریشن سیل کے تعاون سے ” بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بڑھتا ہوا ریاستی جبر و استبداد “ کے عنوان سے اسلام آباد میں منعقدہ ایک گول میز کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے ایک بین الاقوامی لاءفرم سٹوک وائٹ کی رپورٹ اور انسانی حقوق کے گروپوں کی دیگر رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کشمیر کے بارے میں موجودہ بھارتی پالیسی کے کلیدی معمار ہیں جو سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے طاقت کے بے تحاشہ استعمال اور جبر پر مکمل انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معروف کشمیری صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو گرفتار کرکے بھارت واضح طور پر یہ اشارہ دے رہا ہے کہ کسی بھی قسم کی سرگرمی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
سینیٹر زرقا سہروردی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموںو کشمیر میں کالے قوانین کے تحت نوجوان لڑکوں کو ان کے گھروں سے اٹھا کر دور دراز کی جیلوں میں منتقل کیا جاتا ہے ۔ شہداءکی میتیں اہلخانہ چھین لی جاتی ہیں۔کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بہت سا لٹریچر دستیاب ہے جسے پھیلانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ حکومت آزاد جموں و کشمیر پر بھی بہت زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔بیرسٹر ندا سلام نے مقبوضہ جموںوکشمیر ہونے والے مظالم اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبری گمشدگی، تشدد اور عصمت دری بین الاقوامی قوانین، وعدوں اور ذمہ داریوں کے خلاف ہے اور بھارت ان سب کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button