بھارت خطے میں بدامنی اور دہشت گردی کی معاونت میں ملوث ہے
اقوام متحدہ میں بھارت کو منہ توڑ جواب، پاکستان نے بھارتی الزامات مسترد کردیئے
نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے بھارتی نمائندے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت خطے میں بدامنی اور دہشت گردی کی معاونت میں ملوث ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پاکستانی قونصلر محمد جواد اجمل نے حق جواب استعمال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور آبادی کا تناسب بگاڑنے میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت افغانستان میں موجود پراکسی گروہوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی معاونت کر رہا ہے اورانسانی ہمدردی کی امداد کی آڑ میں طالبان حکومت کو مادی و لاجسٹک مدد فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے اندر موجود اپنے پراکسیز کی فعال معاونت کے ذریعے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد گروہوں کی مدد اور سرپرستی کر رہا ہے۔
محمد جواد اجمل نے کلبھوشن یادیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسے جاسوسی، تخریب کاری اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث قرار دیتا ہے۔ انہوں نے امریکا میں سکھ رہنما کے قتل کی مبینہ سازش میں نکھل گپتا کے کیس اور کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا بھی حوالہ دیا۔
پاکستانی قونصلر نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا، تاہم تنازعات کے پرامن حل اور بین الاقوامی قوانین و اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کے عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے آپریشن سندور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مئی 2025 میں ہونے والی کارروائی اور پاکستان کے جواب کے زمینی حقائق دنیا کے سامنے ہیں۔









