اقوام متحدہ کے باہر کشمیریوں کا بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف زبردست احتجاج

نیو یارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے خطاب کے دوران کشمیریوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر انسانی قبضے اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کے سامنے اپنا احتجاج بلند کیا۔ مظاہرین نے پرامن طریقے سے حق خود ارادیت کی آواز دنیا کے سامنے پہنچائی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس مظاہرے نے عالمی برادری کے سامنے فاشسٹ بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا۔ مظاہرین نے ”مودی قاتل”جیسے پرزور نعرے لگائے ۔انہوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا اور نئی دہلی کے جھوٹے بیانیے کو چیلنج کیا۔
بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی تقریر کے دوران احتجاج میں شدت آگئی، کشمیریوں نے عالمی سطح پر بھارت کے گمراہ کن دعوئوں کو بے نقاب کیا۔ مبصرین کے مطابق جے شنکر کا کمزور اور منقطع خطاب مقبوضہ جموںو کشمیر میں ناقابل تردید زمینی حقائق کے سامنے بے بس دکھائی دیا، جس سے بھارت کو دنیا کے سامنے ایک غیر سنجیدہ ریاست کے طور پر پیش کیا گیا۔
کشمیری رہنمائوں اور فرینڈز آف کشمیر کے ممبران سمیت مقررین نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ جمو ںو کشمیرکے مظلوم عوام آٹھ دہائیوں سے بھارت کے فریب اور ظلم کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔
فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے کہا کہ شدید ظلم و جبر کے باوجود کشمیری کبھی بھی اپنے حق خود ارادیت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے مزید کہا، ”یہ حقیقت اکھنڈ بھارت کے بھیانک خواب کو چکنا چور کر چکی ہے۔”سکھ رہنمائوں نے بھی احتجاج میں حصہ لیا اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کیلئے اپنی آواز بلند کی، جو بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے عالمی اتحاد کی عکاسی کرتی ہے۔
نیویارک کی فضا کشمیری عوام کے نعرے ”فری کشمیر ”سے گونج اٹھی، جبکہ رہنمائوں نے عالمی برادری کے سامنے واضح کر دیا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریویں کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتی، جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔






