مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے مقام چرہار میں کارروائی شروع کی۔بھارتی فورسز نے اسلحے اور گولہ بارود کا ایک ذخیرہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ ذخیرہ مقام چرہار کے جنگلاتی علاقے میں تلاشی کے دوران برآمد کیاگیا۔پولیس نے بومئی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ اس سلسلے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے)، آرمز ایکٹ اور دھماکہ خیز موادرکھنے سے متعلق قانون جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمہ درج کیاگیاہے۔
ضلع پونچھ کے علاقے بسونی ٹاپ میں بھارتی فورسز نے دھماکہ خیز مواد کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔ واضح رہے کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگیں موجود ہیں جوشدید بارشوں کے باعث پانی کے بہاو میں بہہ کر اپنی جگہ سے ہٹ جاتی ہیں اور ایسے علاقوں میں آتی ہیں جہاں لوگوں کی آبادی ہے۔ اس صورتِ حال سے شہریوں کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
ضلع ریاسی کے علاقے تھکرکوٹ میں بھارتی فورسز نے تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ یہ کارروائی 9 اور 10 اکتوبر کی درمیانی شب مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات کے بعد شروع کی گئی۔اس سے قبل 4 اکتوبر کو بھارتی فوج اور پیراملٹری نے راجوری اور ادھم پور اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی وسیع پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں کی تھیں۔28 اور 29 ستمبر کو بھی بھارتی فورسز نے راجوری، پونچھ اور کٹھوعہ اضلاع میں تلاشی کی مشترکہ کارروائیاں کی تھیں۔
مقبوضہ جموں وکشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، شہریوں کی جامہ تلاشیاں اور پوچھ گچھ ایک معمول بن چکی ہے۔ ان کارروائیوں سے مقامی آبادی میں خوف ودہشت اور احساس عدم تحفظ بڑھ جاتاہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات کا مقصد مقبوضہ علاقے پر بھارتی فورسز کے قبضے کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ان کاکہنا ہے کہ ان کارروائیوں سے لوگوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے سے روکنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ناقدین ان کارروائیوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کی کشمیر دشمن پالیسیوں کا حصہ قراردیتے ہیں۔ کشمیری اپنے بنیادی حقوق کے حصول اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کا مطالبہ کررہے ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button