بھارت
دریائے گنگا میں کشتی الٹنے سے 13 افراد ہلاک
نئی دہلی: بھارتی ریاست بہار کے ضلع ویشالی میں دریائے گنگا میں کشتی الٹنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں بیشتر بچے شامل ہیں۔
کشتی 20 افراد کو قریبی گاؤں میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے لیے لے جا رہی تھی۔ دورانِ سفر کشتی اچانک الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ چھ افراد کو بچا لیا گیا۔
ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 15 سال یا اس سے کم تھیں۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ورشا سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں بچائے جانے والے افراد کو طبی امداد کے لیے نالندہ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔





