مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیری عوام انتخابی عمل کیلئے نہیں بلکہ بھارت سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں،حریت کانفرنس

سرینگر03فروری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے حق خودارادیت کے حصول کی پر امن تحریک میں مصروف عمل کشمیریوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیریوں کو ان کے اس ناقابل تنسیخ حق کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی قراردادوں میں فراہم کی ہے اور بھارت نے بھی ان قراردادوں کی عالمی برادری کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدوں میں توثیق کی تھی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیر کی مزاحمتی تحریک کو ہر طرح سے جائز اور جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے بارے میں بھارت کی ہرزہ سرائی قطعی طور پر بے بنیاد ہے اور اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے بھارت مخالف ریلیوں میں شرکت کے ذریعے لاکھوں کشمیریوں نے بھی اسے مسترد کردیا ہے ۔ پلوامہ، بڈگام اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام شہداء کی بے مثال قربانیوں کے مقروض ہیں اوروہ شہداء کے مشن کو بھارتی جبر واستبداد کے باوجود اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے یہ بے مثال قربانیاںبھارتی آئین کے تحت کسی انتخابی عمل کیلئے نہیں بلکہ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے دی ہیں کیونکہ مقبوضہ علاقے میں کوئی بھی انتخابات کشمیریوں کے حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔حریت ترجمان نے کہا کہ حریت پسند کشمیری عوام نے 1947 سے اب تک ہمیشہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو مسترد کیا ہے ۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے وحشیانہ قتل عام اور جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں اضافے سے کشمیریوں کی عزت وآبرو اور جان و مال کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے بھارتی قابض فورسز کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی کے واقعات کی تحقیقات اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے کرانے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button