پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، ظہیر اے جنجوعہ
اسلام آباد 04 فروری (کے ایم ایس)
بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین کیلئے پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے کہاہے کہ5فروری 2022یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے مستقل عزم اور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں ظہیر اے جنجوعہ نے کہا کہ ہم غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کو بھارت کے ناجائز تسلط سے آزاد کرانے کے لیے ان کی جرات مندانہ جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متنازعہ علاقے کی آبادی کو تبدیل کرنے کی بھارت کی تازہ ترین غیر قانونی کوششوں کا مقصد مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے یہ اقدامات بشمول ڈومیسائل قوانین میں تبدیلیاں، جائیداد کے قوانین اور مقبوضہ علاقے میں بیرونی لوگوں کی آباد کاری بین الاقوامی قو ا نین ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہے۔سفیر نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ یو این ایس سی کی قرارداد کے مطابق حق خودارادیت کے جائز اور ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی جدوجہد میں ان کی ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔