مقبوضہ کشمیر: شیش ناگ جھیل کے قریب سڑک کی تعمیر کیلئے بھاری مشینری کے استعمال پر اظہار تشویش
سیاسی رہنمائوں، ماہرین ماحولیات اور مقامی لوگوں کا ماحولیاتی تباہی کا انتباہ، کام فوری روکنے کا مطالبہ
سرینگر:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے علاقے پہلگام میں ہندو امرناتھ یاترا کے راستے پر واقع حساس جھیل شیش ناگ کے قریب بھاری مشینری کے استعمال پر کشمیری سیاسی رہنمائوں، ماہرین ماحولیات اور مقامی آبادی نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سوشل میڈیا پروائرل ایک ویڈیو میں سڑک کی تعمیر کیلئے ایک ارتھ موور کو جھیل کے قریب کھدائی کرتے دکھایاگیا ہے۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد منصوبے کی منظوری اور ماحولیاتی تحفظ کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
تقریبا 3,600میٹر بلندی پر واقع شیش ناگ جھیل دریائے لِدر کے بالائی آبی علاقے کا حصہ ہے۔ یہ دریا پہلگام سے گزرتا ہے اور زیریں علاقوں کی آبادی اور زراعت کے لیے پانی کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے۔ یہ جھیل مقبوضہ جموں و کشمیر کی ان 14گلیشیائی جھیلوں میں بھی شامل ہے جنہیں اچانک پھٹنے سے آنے والے سیلاب کے حوالے سے انتہائی خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے جھیل کے قریب بھارتی مشینری کے استعمال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری ہمیشہ ہندوامرناتھ یاتریوں کا گرمجوشی سے استقبال کرتے آئے ہیں ۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر خطے کے انتہائی حساس قدرتی ماحول کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں میرواعظ نے کہا کہ گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا اور ہمسایہ ملک نیپال میں گلیشیر کے باعث سیلاب کی تباہ کاریاں ہمالیائی خطے کی ماحولیاتی تباہی کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے کھدائی کا کام فوری طورپرروکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وادی کشمیر کے پہاڑوں، گلیشیئرز اور آبی ذخائر کے تحفظ پرزوردیا۔
پیپلز ڈیموکریٹک کی سربراہ محبوبہ مفتی نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ کہا کہ جموں و کشمیر بھی اب اتراکھنڈ بنتا جا رہا ہے، جہاں چار دھام یاترا کے لیے سڑکوں کی تعمیر نے علاقے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ماحولیات کا تحفظ سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اگر ہم اس بارے میں بات کرتے ہیں تو ہم پر الزام لگایا جائے گا کہ ہم معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دے رہے ہیں اور امرناتھ یاترا کے خلاف بات کر رہے ہیں۔ نیپال میں بھی تباہی ماحولیات کو نقصان پہنچانے کی وجہ سے ہوئی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کشمیر کے نازک گلیشیئرز، پہاڑوں اور آبی ذخائر کی تباہی کی قیمت پر نہیں کی سکتی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے سابق رہنما اور سرینگر سے سابق بھارتی رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے بھی جھیل کے قریب کھدائی کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیاہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بی جے پی مذہبی عقیدے کے نام پر وادی کشمیر کے ماحولیاتی تحفظ کو دائو پر لگا رہی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ ہمالیائی خطے کو تعمیراتی سرگرمیوں کا میدان نہیں بنایا جانا چاہیے۔
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ)کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ ہندو یاتریوں اور سیاحوں کے لیے سہولتوں کی فراہمی ماحولیات کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ کوہ ہمالیہ کے علاقے میں تعمیراتی منصوبے سائنسی مطالعات، ماحولیاتی اثرات کے جائزوں اور ماہرین و مقامی آبادی سے مشاورت کے بعد ہی شروع کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ پہاڑی ماحولیاتی نظام میں خلل سے پہلگام اور جنوبی کشمیر کے دیگر زیریں علاقوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کام فوری روکنے، منصوبے کی تفصیلات اور ماحولیاتی منظوریوں کو عوام کے سامنے لانے اور گلیشیئرز کے ماہرین سے معائنہ کرانے کا مطالبہ کیا۔
ماحولیاتی کارکن ڈاکٹر راجہ مظفر بھٹ نے سوال اٹھایا کہ بھاری مشینری حساس گلیشیائی علاقے تک پہنچی کیسے؟ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ یہ تباہی ہے اور یہ جاننا ضروری ہے کہ اتنی بھاری مشینری کشمیر کے گلیشیئرز تک کیسے پہنچ گئی۔ماہرین ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ جھیل کے قریب کھدائی سے برفانی اور پہاڑی ملبے کی قدرتی ساخت، پانی کی نکاسی کے راستے اور اردگرد کی ڈھلوانیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ اس سے ماحولیاتی خطرات میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
مقامی لوگوں نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے کشمیر میں ایڈونچر ٹورازم پر دو سال تک پابندی عائد کرکے لوگوں کے روزگار اور معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچایا، لیکن اب شیش ناگ جھیل کے قریب کھدائی کرنے والی مشینیں نظر آ رہی ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اسی مقصد کے لیے کشمیر کے ٹریکنگ مقامات بند کیے گئے تھے؟ انہوں نے کشمیر کے قدرتی ماحول کو تباہ کرنے کا سلسلہ روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بی جے پی حکومت کو اس معاملے پر جواب دینا ہوگا۔ایک اور مقامی رہائشی سہیل خان نے کہا کہ جھیل کے کنارے بھاری مشینری کے استعمال نے شفافیت اور ماحولیاتی تحفظ کے انتظامات کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا کر دیے ہیں۔






