سرینگر : نیشنل کانفرنس ودیگر ارکان اسمبلی کا ایران پر امریکی ، اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاج
بی جے پی ارکان کا سخت اعتراض، ایوان میں کشیدگی

جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی اسمبلی میں ایران کے خلاف امریکی ، اسرائیلی جارحیت اور ملک کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کیخلاف سخت احتجاج کیاگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ احتجاج بجٹ اجلاس کے دوران کیا گیا۔ حکمران جماعت نیشنل کانفرنس، کانگریس، کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ سی پی آئی (ایم) ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے علاوہ کئی آزاد ارکان نے ایران کی حمایت میں اور اسرائیلی و امریکی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر ایوان میں موجود بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی ) کے ارکان نے ایران کے تئیں اظہار یکجہتی پر سخت اعتراض کیا اور سخت شور شرابا کیا جس سے ایوان میں انتہائی کشیدگی کا ماحول پیدا ہوا۔
ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی نیشنل کانفرنس کے ایم ایل اے اور پارٹی کے ترجمان تنویر صادق نے شہید آیت اللہ خامنہ ای کی تصویر آویزاں کی۔ سی پی آئی (ایم) کے ایم ایل اے محمد یوسف تاری نے ایوان سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی ، اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرار داد لائے۔ کئی قانون سازوں نے احتجاج کے طور پر بازوو¿ں اور سروں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ ہندو توا جماعت بی جے پی کے رکن اسمبلی یودویر سیٹھی نے اس موقع پر کانگریس ایم ایل اے عرفان حفیظ لون پر دھاوبول دیا اور انہیں زوکوب کرنے کی کوشش کی۔صورتحال سنگین ہونے پر ایوان کی کارروائی آدھے گھنٹے کے لیے ملتوی کردی گئی۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی تقریر میں ایران کے خلاف "غیر منصفانہ اور غیر قانونی جنگ” کی مذمت کی۔ پی ڈی پی کے رکن آغا منتظر مہدی نے بھی ایران کے خلاف امریکی واسرائیلی اقدامات کی مذمت میں قرارداد کی منظوری کا مطالبہ کیا





