انسانی حقوق

مقبوضہ جموں و کشمیر میں جمہوری حقوق کو منظم انداز میں پامال کیاجارہا ہے :ہیومن رائٹس واچ

دفعہ 370 کو روایتی پارلیمانی طریقہ کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منسوخ کیاگیا



نیویارک : انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ(ایچ آر ڈبلیو)کی ایک نئی رپورٹ میں بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کے دور میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جمہوری حقوق کی منظم پامالی کو بے نقاب کیاگیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاقے کی خصوصی حیثیت یکطرفہ طور پر ختم کرنے کا اقدام پارلیمانی طریقہ کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیا گیا۔” یہ کیسی جمہوریت کی بات ہو رہی ہے؟ بھارت میں مودی کا آمرانہ طرزِ حکمرانی ”کے عنوان سے یہ رپورٹ پیر کے روز جاری کی گئی۔ 95صفحات پر مشتمل رپورٹ میں 2014میں اقتدار میں آنے کے بعد نریندر مودی حکومت کی جانب سے جمہوری اداروں کو کمزور کرنے، قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچانے اور بنیادی آزادیوں پر قدغنیں لگانے کا جائزہ لیا گیا ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق ایک خصوصی حصے میں ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ 5اگست 2019کو مودی حکومت نے اچانک ایک قرارداد پیش کی۔ اس کے ذریعے دفعہ 370کے تحت علاقے کو حاصل خصوصی خودمختار حیثیت ختم کی گئی۔ اسی کے ساتھ ریاست کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کرنے کے لیے قانون سازی بھی کی گئی۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ جموں و کشمیر تنظیمِ نو بل راجیہ سبھا میں ارکان کو پہلے سے فراہم کیے بغیر پیش کیا گیا۔ یہ اقدام پارلیمانی طریقہ کار کی خلاف ورزی تھا۔ حزب اختلاف کے ارکان نے احتجاج کیا کہ انہیں بل کا جائزہ لینے، اس کی شقوں پر بحث کرنے اور ترامیم پیش کرنے کے لیے مناسب وقت نہیں دیا گیا۔رپورٹ میں کہاگیا کہ اس اقدام سے ایک رات پہلے بھارتی حکام نے جموں وکشمیر میں انٹرنیٹ اور کیبل ٹیلی ویژن سروسز بند کر دیں۔ مقبوضہ علاقے میں نقل و حرکت پر وسیع پابندیاں عائد کی گئیں۔ متعدد سیاسی رہنمائوں کو گرفتار کیا گیا اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔
عدالتی تاخیر اور حقوق سے محرومی
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں اور کارکنوں نے اگست 2019کے حکومتی اقدامات کو بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ تاہم عدالت نے دسمبر 2023میں چارسال بعد فیصلہ سنایا ۔ اس دوران حکومتی اقدامات کو ہزاروں افراد کی گرفتاریوں اور بنیادی آزادیوں پر سخت پابندیوں کا جواز بنایا جا چکا تھا۔رپورٹ کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے دفعہ 370کی منسوخی کو برقرار رکھا۔ تاہم اس نے جموں و کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کرنے کے آئینی جواز کا فیصلہ نہیں کیا۔ اس کے بجائے عدالت نے بھارتی حکومت کو ہدایت کی کہ علاقے کی ریاستی حیثیت جلد از جلد بحال کی جائے۔ تاہم اس کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیاگیا۔
کالے قوانین منسوخ کرنے کا مطالبہ
ہیومن رائٹس واچ نے بھارتی پارلیمنٹ سے اپنی سفارشات میں پبلک سیفٹی ایکٹ(پی ایس اے)، نیشنل سکیورٹی ایکٹ(این ایس اے)اور آرمڈ فورسزاسپیشل پاورزایکٹ (اے ایف ایس پی اے) جیسے کالے قوانین منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تنظیم نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون(یو اے پی اے)سمیت دیگر پابندیوں والے قوانین میں ترامیم پر بھی زور دیا ہے۔ اس کا مقصد ان قوانین کو انسانی حقوق کے بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔تنظیم نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پرامن حکومتی ناقدین کی من مانی گرفتاریوں یاان کے خلاف مقدمات کے لیے انسداد دہشت گردی اور دیگر قوانین کا غلط استعمال بند کرے۔ اس نے ایسے تمام افراد کی رہائی پر بھی زور دیا ہے جنہیں صرف آزادی اظہار، تنظیم سازی اور پرامن اجتماع کے حق کے استعمال پر نظربند رکھا گیا ہے۔
جبر و استبداد کا وسیع تر سلسلہ
بھارت میں جمہوری زوال کے وسیع تر تناظر میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ مودی حکومت نے کارکنوں، ماہرین تعلیم، انسانی حقوق کے وکلا، صحافیوں، اقلیتی برادریوں کے ارکان اور پرامن مظاہرین کو نشانہ بنانے کے لیے یو اے پی اے اور احتیاطی حراست کے قوانین کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے۔رپورٹ میں عدلیہ میں انتظامیہ کی مداخلت، آزاد آئینی اداروں کی کمزوری اور ذرائع ابلاغ کی آزادی سمیت آن لائن اظہار پر پابندیوں پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ جمہوری حقوق کمزور ہونے سے بھارتی حکومت کو ناقدین کو ہراساں کرنے اور مسلمانوں، عیسائیوں سمیت دیگر مذہبی اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک اور تشدد کو معمول بنانے کا موقع ملا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت میں جمہوری اداروں کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائیں۔ اس سلسلے میںاقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سمیت عالمی فورمز سے رجوع کرنے اور نئی دہلی پر دبائو ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ بنیادی آزادیوں کا تحفظ اور انتظامی اختیارات پر ادارہ جاتی نگرانی بحال کی جا سکے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button