فیک نیوز گولی کی طرح ہے، ایک بار چل جائے تو واپس نہیں آتی: اعظم نذیر تارڑ
ہر شہری کو کوئی بھی خبر شیئر کرنے سے پہلے اس کی مکمل تصدیق کرنی چاہیے

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی روک تھام کیلئے عالمی تعاون ناگزیر ہے جبکہ آزادی اظہار رائے کے تحفظ اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے درمیان توازن قائم رکھنا ہوگا۔
اسلام آباد میں ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں چند سیکنڈز کے اندر غلط یا جان بوجھ کر جھوٹی خبر پھیلائی جا سکتی ہے۔ فیک نیوز بھی گولی کی مانند ہے جو ایک مرتبہ چل جائے تو واپس نہیں آتی اور اس سے کسی فرد کی ساکھ اور پورے معاشرے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
Federal Minister for Law and Justice Senator Azam Nazeer Tarar addresses the international seminar on "Social Media Platforms and the Post-Truth Era https://t.co/710U6T6pLu
— KashmirMedia Service (@kmskashmirnews) November 24, 2026
انہوں نے کہا کہ صحافتی دنیا میں ہر وقت بریکنگ نیوز کی دوڑ لگی رہتی ہے جبکہ ماضی میں معلومات کی اشاعت کے مختلف مراحل پر چیک اینڈ بیلنس موجود تھے تاہم سوشل میڈیا نے معلومات کی اشاعت کے روایتی ضابطوں کو نئے چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے چیلنجز سے صرف قوانین، ریگولیشنز اور پالیسیوں کے ذریعے نہیں نمٹا جا سکتا بلکہ اس کیلئے انتہائی محتاط اقدامات کرنا ہوں گے۔ ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لیے قانون سازی کے ساتھ اجتماعی رویوں میں تبدیلی بھی ضروری ہے اور ہر شہری کو کوئی بھی خبر شیئر کرنے سے پہلے اس کی مکمل تصدیق کرنی چاہیے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق اور عوام کے دیگر بنیادی حقوق کے درمیان توازن رکھنا لازم ہے۔ آئین کے آرٹیکل 4 اور 9میں بیان کردہ حقوق پاکستان میں موجود ہر شخص کے بنیادی حقوق ہیں۔ ڈیجیٹل دنیا میں آزادی اظہار کے تحفظ کے ساتھ ذمہ داری اور جواب دہی کا احساس بھی برقرار رکھنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ قوانین کی تشکیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سوشل میڈیا سے متعلق قوانین کی تیاری کے دوران مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنے والا فرنٹ لائن ملک ہے۔ ڈس انفارمیشن کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنا مشکل ہوتا جا رہا ہے جس کے لیے موثر پالیسی سازی، مناسب چیک اینڈ بیلنس اور ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے شہریوں کی نجی زندگی اور عزت و وقار کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی شہری کی پرائیویسی متاثر کرنے یا اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کسی کی نجی زندگی میں مداخلت اور کردار کشی کی اجازت نہیں دی جا سکتی جبکہ شہریوں کی پرائیویسی اور عزت نفس کے تحفظ کے لیے موثر قوانین ضروری ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ 2021میں ان کے کاغذات نامزدگی اور اثاثوں سے متعلق غلط خبر نشر کی گئی تھی جس پر اگلے روز وضاحت جاری کرنا پڑی۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 2023میں جب میں نے سینیٹ میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تو ساتھ ٹیکس ریٹرز اور اثاثہ جات کی تفصیل بھی جمع کرائی، بعد ازاں مجھے واٹس ایپ پر ایک خبر موصول ہوئی جس میں بتایا گیا تھا کہ جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق اعظم نذیر تارڑ کے 32ارب روپے کے اثاثہ جات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خبر میرے لیے حیران کن تھی، خبر شائع کرنے والے کی غلطی یہ تھی کہ اس نے درج اعداد کی تصدیق نہیں کی اور 320ملین روپے کو 32ارب روپے سمجھ کر شائع کر دیا۔
وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لیے آزادی اظہار اور غلط معلومات کے فرق کو سمجھنا ضروری ہے اور اس کے لیے ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہو گا،جھوٹی خبروں کی روک تھام اور حقائق کی تصدیق وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا کے تدارک کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے، ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ قوانین کی تشکیل ترجیحات میں شامل ہے۔







