مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر میں 1989 سے اب تک 2,357خواتین شہید، 11,286کی بے حرمتی

سرینگر: خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری اعدادوشمار کے مطابق بھارتی فورسز نے گزشتہ 38 برس کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران 96,517کشمیریوں کو شہید کیا جن میں 2,357خواتین بھی شامل ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی جانب سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی قبضے اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کے سائے میں زندگی گزارنے والی کشمیری خواتین 1947 سے مسلسل مشکلات، خوف، ذہنی اذیت اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز، پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکار گزشتہ 38برس کے دوران 2,357خواتین کی شہادت اور 11,286خواتین کی عصمت دری میں ملوث رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کو سنگین جرائم کے باوجودکالے قوانین کے تحت استثنی حاصل ہے۔کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کا مطالبہ کرنے پر مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔
دفعہ 370کی منسوخی کے اثرات
25 نومبر کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کے حقوق سے متعلق بحث میں لاپتہ افراد کے اعدادوشمار، تنازعے کے طویل مدتی اثرات اور 2019 میں دفعہ 370اور 35 اے کی منسوخی کے قانونی، سیاسی اور سماجی اثرات نمایاں ہیں۔مبصرین، انسانی حقوق کے کارکنوں اور مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی، بڑھتی ہوئی پابندیوں، ہراسانی، معاشی مشکلات اور مسلسل علاقائی کشیدگی نے کشمیری خواتین کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ تنازعہ کشمیر اور طویل فوجی تسلط کا بوجھ خواتین کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ناقدین نے 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے ریاستی خواتین کمیشن کی تحلیل کو بھی اہم دھچکا قرار دیا ہے۔ اس سے تشدد اور امتیازی سلوک کا سامنا کرنے والی خواتین کی نگرانی اور معاونت کے ادارہ جاتی نظام کو نقصان پہنچا۔انسانی حقوق کے کارکنوں نے نیم بیوائوں کی طویل ذہنی اذیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔ یہ وہ خواتین ہیں جن کے شوہر 1989 سے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے ہیں۔انہوں نے تعلیم، روزگار، صحت کی سہولیات اور نقل و حرکت کی آزادی تک رسائی میں خواتین کو درپیش مشکلات کی بھی نشاندہی کی ہے۔
جنسی تشدد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کے اہلکار مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کو خوفزدہ اور دبانے کے لیے جنسی تشدد، عصمت دری اور بدسلوکی کو بطور ہتھیار استعمال کرتے رہے ہیں تاکہ حق خودارادیت کی جدوجہدکو دبایاجائے۔رپورٹ کے مطابق حریت رہنماں آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین سمیت کم از کم 100 خواتین نئی دہلی کی تہاڑ جیل سمیت مختلف جیلوں میں نظربندہیں۔ان میں سے بیشتر کو 2017 کے بعد گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں کنن پوش پورہ اجتماعی عصمت دری، شوپیاں میں دو خواتین کی عصمت دری اور قتل اور کٹھوعہ میں عصمت دری و قتل کے واقعات کو خواتین اور بچیوں کے خلاف جنسی تشدد کی نمایاں مثالیں قرار دیا گیا ہے۔23فروری 1991 کی رات ضلع کپواڑہ کے علاقے کنن پوش پورہ میں بھارتی فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران درجنوں خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔اسی طرح شوپیاں کی آسیہ اور نیلوفر کو 29 مئی 2009 کو عصمت کے بعد قتل کردیاگیا۔جنوری 2018 میں ایک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا۔ ضلع کٹھوعہ کے علاقے رسانہ میں آٹھ سالہ آصفہ بانو کو اغوا کرکے ایک مندر کے اندر قید رکھا گیا۔اس دوران اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور بعدازاں قتل کردیا گیا۔ اس مقدمے میں پولیس اہلکاروں اور ہندو انتہاپسند تنظیموں سے وابستہ افراد سمیت متعدد ملزمان نامزد ہوئے۔
جموں میں خواتین پر تشدد کے واقعات
رپورٹ میں جموں خطے میں خواتین پر تشدد کے واقعات کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ضلع رام بن کے علاقے گول کے گاں پرتملہ کی 26 سالہ زاہدہ بانو، دختر محمد یعقوب2 مارچ 2026 کو لاپتہ ہوگئی تھیں۔بعدازاں ان کی لاش رہائشی علاقے سے تقریبا دو کلومیٹر دور پرتھ مولا میں ملی۔ ان کا گلا کاٹا گیا تھا۔ایک اور واقعے میں اپریل 2026 میں 13سالہ رخشانہ بانو، دختر محمد قاسم گول کے علاقے ہاروگ میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ان کے اہلخانہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں قتل کیا گیا ہے۔
2019 سے اب تک 16,397خواتین لاپتہ
رائٹ ٹو انفارمیشن درخواستوں کے ذریعے حاصل کردہ اعدادوشمار اور علاقائی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں میں جموں و کشمیر کو 2019 میں یونین ٹیریٹری میں تبدیل کیے جانے کے بعد لاپتہ افراد کے واقعات کی بڑی تعداد سامنے آئی ہے۔2019 سے 2026 کے وسط تک جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 16,397خواتین اور لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کے مقدمات درج کیے گئے۔ان میں سے 4,271مقدمات یعنی 26 فیصد سے زائد تاحال حل نہیں ہوسکے۔اعدادوشمار کے مطابق اس عرصے میں 3,255بالغ خواتین اور 1,016کم عمر لڑکیوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیری خواتین اپنے پیاروں کی شہادت، گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں کے باعث شدید نفسیاتی صدمات سے بھی دوچار ہیں۔رپورٹ میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں پر زور دیاگیا کہ وہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کو جوابدہ بنانے کے لیے موثر اقدامات کریں۔
خواتین صحافیوں کو نشانہ بنا کر خاموش کرایا جا رہا ہے
ایمنسٹی انٹرنیشنل اور صحافیوں کے تحفظ کی عالمی کمیٹی (سی پی جے)سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایسے واقعات کی نشاندہی کی ہے جن میں کشمیری صحافیوں کو بیرون ملک سفر سے روک دیا گیا۔رپورٹوں کے مطابق ایئرپورٹس پر امیگریشن حکام نے بعض صحافیوں کو درست ویزے اور ٹکٹ ہونے کے باوجود بیرون ملک جانے سے روکا۔ انہیں اس اقدام کی باضابطہ وجوہات بھی نہیں بتائی گئیں۔ ان خواتین صحافیوں میں پلٹزر ایوارڈ یافتہ فوٹو جرنلسٹ ثنا ارشاد متو بھی شامل ہیں۔ انہیں پیرس اور بعدازاں نیویارک جانے والی پروازوں میں سوار ہونے سے روک دیا گیا۔صحافیوں اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سفری پابندیاں اور پاسپورٹ ضبط کیے جانے کے اقدامات انہیں بین الاقوامی تقریبات میں شرکت، بیرون ملک وظائف اور ملازمتوں کے حصول اور آزادانہ صحافت جاری رکھنے کے لیے بیرون ملک منتقلی سے محروم کرتے ہیں۔
خاتون صحافی جلاوطنی پر مجبور
دوسری جانب کشمیری فوٹو جرنلسٹ مسرت زہرا مارچ 2021 سے امریکہ میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔انہیں کشمیر میں رپورٹنگ کے باعث بی جے پی حکومت کے دور میں دباو، ہراسانی اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔زہرا نے کشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل خصوصا خواتین اور بچوں کو درپیش مشکلات کو اپنی رپورٹنگ کا موضوع بنایا تھا۔انہیں آن لائن دھمکیوں، پولیس کی نگرانی اور 2020 میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے” کے تحت مقدمات کا سامنا کرنا پڑا۔بعدازاں ایک جرمن غیرسرکاری تنظیم کی معاونت سے وہ امریکہ منتقل ہوگئیں۔
بھارتی حکام کی جانب سے پاسپورٹ ضبط
بھارتی حکام نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری صحافی روا شاہ اور قانون کی طالبہ سما شبیر( دختر سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ) کے پاسپورٹ بھی نامعلوم وجوہات کی بنا پر ضبط کرلیے۔رواشاہ صحافی اور مرحوم حریت رہنما سید علی گیلانی کی پوتی ہیں۔ ان کے والد شہید الطاف احمد شاہ تھے۔ انہیں 2021 میں بھی بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا تھا۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ترکی سے بھارت واپسی کے بعد 2021 کے اواخر میں ان کا پاسپورٹ ضبط کیا گیا۔سما شبیر جیل میں نظربند ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے بانی شبیر احمد شاہ کی بڑی صاحبزادی ہیں۔ وہ سی بی ایس ای بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرچکی ہیں۔ انہوں نے مانچسٹر یونیورسٹی برطانیہ میں قانون کی تعلیم کے لیے داخلہ لیا تھا۔ بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحقیقات اور طلبی کے دوران ان کا پاسپورٹ ضبط کیا گیا۔
رپورٹ میںکہا گیا ہے کہ کشمیری خواتین طویل بھارتی قبضے اور حل طلب تنازعہ کشمیر کے باعث سب سے زیادہ متاثرہ آبادی ہیں۔کئی دہائیوں سے انہیں نہ صرف تنازعے کے براہ راست اثرات کا سامنا ہے بلکہ سماجی، معاشی اور نفسیاتی تباہ کاریوں کا بوجھ بھی اٹھانا پڑ رہا ہے۔ان میں قتل، جنسی تشدد، من مانی گرفتاریاں اور جبری گمشدگیاں شامل ہیں۔ شوہروں، بیٹوں، والد اور بھائیوں سے محرومی نے ان کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔مسلسل فوجی تسلط، سیاسی غیر یقینی صورتحال اور تنازعے کے مستقل حل کی عدم موجودگی نے ہزاروں خواتین کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔وہ اپنے خاندانوں کی کفالت، لاپتہ عزیزوں کے لیے انصاف کی تلاش، ذہنی صدمات سے نجات اور بچوں کے مستقبل کے تحفظ کی جدوجہد کر رہی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیری خواتین کی حالت زار کو تنازعہ کشمیر کے وسیع تر سیاسی مستقبل سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔ان کی عزت، حقوق اور تحفظ کی پائیدار ضمانت کے لیے انصاف، جوابدہی اور تنازعہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوںکے مطابق پرامن حل ناگزیر ہے۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مداخلت کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، خواتین پر تشدد اور دیگر مظالم روکنے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری خواتین کی حالت زار کا نوٹس لیں اور ان کے لئے انصاف اور تحفظ کو یقینی بنائیں۔

 

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button