شبیر شاہ نے اپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے وقف کر رکھی ہے، محمود احمد ساغر
اسلام آباد 17 نومبر (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند سینئر رہنماء شبیر احمد شاہ نے اپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی کشمیرکیلئے وقف کررکھی ہے اورانہوں نے اپنی زندگی کابیشتر حصہ جیلوں میں گزارا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ شبیر شاہ کو تنازعہ کشمیر کے بارے میں منصفانہ سیاسی موقف رکھنے کی وجہ سے سیاسی انتقام کانشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں شبیر شاہ کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں انہیں علا ج معالجے کی بہتر سہولت فراہم کرنے کی بجائے قابض حکام انکے خلاف بے بنیاد الزاما ت پر مبنی چارج شیٹ دائر کر کے انہیں ہراساں کررہی ہے ۔محمود احمد ساغر نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ شبیر شاہ اور بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مختلف جیلوں میںنظربند دیگر حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی گرتی ہوئی صحت کا فوری نوٹس لیں اورانکی جلد رہائی کیلئے بھار ت پر دبائو بڑھائیں۔