مقبوضہ کشمیر:”وی پی این” کے استعمال پر2 خواتین سمیت12 نوجوانوں گرفتار
جموں:بھارتی افواج نے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے متعدداضلاع میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کے استعمال سے متعلق الزامات پر دو خواتین سمیت تقریباً 12 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، بھارتی پولیس نے جموں کے مختلف اضلاع میں قابض حکام کی جانب سے عائد پابندیوں کے باوجود وی پی این کے مبینہ استعمال پر متعدد مقدمات درج کیے اور کئی افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ضلع راجوری میں نوشہرہ، سندر بنی، کندی اور درہال پولیس اسٹیشنوں میں مبینہ طور پر وہ ہی این کے استعمال پرچار الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ضلع پونچھ میں پولیس نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے جاری کردہ احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وی پی این کے مبینہ استعمال پر دو افراد کے خلاف سورنکوٹ پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج کیےگئے ہیں۔
بھارتی پولیس نے ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر میں وی پی این ایپلیکیشنز کے مبینہ استعمال پر منیرہ بی بی اور سونیا ایوب نامی دو خواتین کے خلاف بھی مقدمات درج کیے ہیں۔
بھارتی پولیس کی طرف سے کشمیری خواتین کے خلاف مقدمات کے اندراج نے عام کشمیریوں کو درپیش بڑھتی ہوئی پابندیوں کو مزید نمایاں کر دیا ہے، جہاں انٹرنیٹ پرائیویسی کے آلات کا استعمال بھی پولیس کارروائی کی بنیاد بن رہا ہے۔
اسی طرح ضلع کٹھوعہ میں وی پی این کے مبینہ استعمال پر دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ایک مقدمہ کٹھوعہ پولیس اسٹیشن اور دوسرا بلاور پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیاہے۔
ضلع اودھمپور میں بھی دو افراد کو رام نگر اور ادھم پور پولیس اسٹیشنوں میں درج الگ الگ مقدمات میں بغیر اجازت وی پی این کے مبینہ استعمال پر گرفتار کیا گیا ہے۔
تازہ گرفتاریاں مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے ظلم عنبر کے ماحول کی عکاسی کرتی ہیں، جہاں پولیس کارروائیاں، نگرانی، زرائع مواصلات پر پابندیاں اور کالے قوانین کابےدریغ استعمال جاری ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں گرفتاریوں کی تازہ لہر جبر کے اس وسیع تر نمونے کا حصہ ہے جس کا کشمیریوں کو کئی دہائیوں سے سامنا ہے۔ کشمیری عوام کو اب بھی جبری گرفتاریوں، دھمکیوں، اظہارِ رائے کی آزادی پر پابندیوں، انٹرنیٹ کی معطلی اور دیگر ظالمانہ اقدامات کا سامنا ہے جو ان کے بنیادی حقوق کو متاثر کرتے ہیں۔
کشمیری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرر ہے ہیں، جن میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے سیاسی مستقبل کا تعین کرنے کے لیے آزاد اور غیر جانبدار رائے شماری کی فراہمی شامل ہے۔
ادھر بھارتی پولیس نے ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں ایک کارروائی کے دوران حریت رہنما محمد منشا کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ وہ 2000 سے 2007 کے دوران درج کئے گئے13 مقدمات میں مطلوب تھے۔ مبینہ طور پر ان مقدمات میں بھارتی حکومت کے خلاف جنگ چھیڑنے سمیت سنگین الزامات شامل ہیں۔
یہ گرفتاری ایک بار پھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی اور حریت سرگرمیوں سے وابستہ افراد کو نشانہ بنانے کو نمایاں کرتی ہے۔ ایسی کارروائیوں نے ایسی فضا پیدا کی ہے جس میں سیاسی اختلاف رائے اور حقِ خودارادیت کے مطالبات شدید نگرانی کی زد میں ہیں۔
بھارتی تحقیقاتی ادارےانفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعہ کو مقبوضہ کشمیر کے کٹھوعہ اور ادھم پوراضلاع اور بھارتی ریاست پنجاب کے شہر پٹھانکوٹ میں آٹھ مقامات پر چھاپے مارے۔
مبینہ طور پر یہ چھاپے بھارتی سشترا سیما بال کے سابق اہلکار گرمیت سنگھ اور اس کے ساتھیوں کی مالیاتی دھوکہ دہی کی اسکیم کے سلسلے میں مادے گئے۔








